News in Urdu اردو خبریں

220
0

چترال ( محکم الدین) چترال کے ناظمین ، کونسلرز ،اور سماجی تنظیمات کے نمایندوں نے چترال کی بچیوں کی ضلع سے باہر شادی کرنے کی وجہ سے اُٹھنے والے مسائل کے سلسلے میں سنجیدہ اور سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اور کہا ہے ۔ کہ بغیر تحقیق کے ان شادیوں نے چترال کی عزت و ناموس کو بُری طرح متاثر کیا ہے ۔ جنہیں روکنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر کام کئے جانے چاہئیں ، منگل کے روز چترال کے ایک مقامی ہو ٹل میں تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس کی زیر صدارت تحصیل کونسل کے ممبران ، ناظمین ،کونسلرز ، دعوت عزیمت کے عہدہ داران و ممبران اور سول سوسائٹی کے نمایندوں JAvid Iqbal dawat azimatپر مشتمل ایک غیر معمولی اجلاس ہوا ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے اجلاس کے منتظم تحصیل کونسلر فریدہ سلطانہ نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ شادی کی آڑ میں چترال کی بیٹیوں کو ضلع سے باہر لے جایا جاتا ہے ۔ اور اُن کی لاشیں واپس لائی جاتی ہیں ۔ اُن کی عزت و وقار اور مرضی کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ، یوں ان بچیوں کو خریداہوا مال سمجھ کر اُن کی قتل تک کی کوئی پروا نہیں کی جاتی ۔ جوکہ چترال کے سیاسی نمایندگان اور لوگوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس مقصد کے پیش نظر ایک ایسی کمیٹی تشکیل دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جو اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے اس سلسلے میں پہلے سے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ معاون و مددگار ہو ۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ کہ اس کام میں دلالوں کے علاوہ علماء ، کاروباری حضرات ،تبلیغ سے وابستہ لوگ اور مختلف این جی اوز کے افراد شامل ہیں ۔ اس موقع پر صدر دعوت عزیمت چترال جاوید اقبال نے یہ چشم کُشا ریکارڈ پیش کی ۔ کہ 2002سے2008تک چھ سالوں کے دوران 2800شادیاں ضلع سے باہر کی گئیں ۔ جن میں سے290شادیاں قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ عزت و ناموس سب کا مشترک ہے ۔ ضلع سے باہر کوئی بھی بیٹی کسی مسئلے سے دوچار ہوتی ہے ۔ تو پورے چترال کا نام لیا جاتا ہے ۔ کسی فرد کا نام نہیں لیا جاتا ۔ اس لئے اس بات کو شدت سے محسوس کرتے ہوئے تنظیم دعوت عزیمت بے تحقیق شادیوں کو روکنے کیلئے کام کر رہا ہے ۔ اور اُن کی کوششوں سے شادی میں کردار ادا کرنے والے70فیصد دلالوں کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔ تیس فیصد باقی ہیں ۔ جن کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم ضلع سے باہر شادی کے مخالف نہیں ۔ بلکہ اُن بے تحقیق شادیوں کے مخالف ہیں ۔ جن کی وجہ سے چترال کے ناموس کو دھچکا لگتا ہے ۔ اور ہماری بہنوں کی زندگی خوشی کی بجائے عذاب سے دوچار ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہمارے پاس چترال کی بیٹیوں کے وہ انٹرویوز اور دستانیں محفوظ ہیں ۔ جنہیں سُن کر رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں چترال کو جتنی ضرورت انفراسٹرکچر کی تعمیر کی ہے ۔ اُس سے زیادہ ضرورت یہاں کی بچیوں کی زندگیوں کے تحفظ اور عزت وناموس بچانے کی ہے ۔ تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے کہا ۔ کہ مسئلے کی سنگینی کااحساس کرتے ہوئے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ اورہم سب کو مل کر اس میں کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس حوالے سے ویلج ناظمین ، آئمہ مساجد اور ہوٹل انتظامیہ اور کالج سطح پر آگہی دی جائے گی ۔ جن کے اخراجات ٹی ایم اے برداشت کرے گی ۔ اور یہ آگہی سب ڈویژن مستوج تک بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ان مسائل کی بنیادی وجہ اسلام سے دوری ہے ۔ اگر ہم اسلامی تعلیمات پر عمل کریں تو اس پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ضلع سے باہر شادیوں کی تحقیق کے حوالے سے ضلع کونسل کے منظور شدہ قرارداد کو سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ اس کی وجہ سے بہت حد تک شادیوں کے بارے میں تحقیق میں مدد ملی ہے ۔ تاہم اس کومزید بہتر بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے ۔ تاکہ اس مسئلے پر مکمل طور پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایسی شادیوں کے حوالے سے ویلج ناظمین اور آئمہ مساجد کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ اور قریبی روابط پیدا کرکے بغیر تحقیق ضلع سے باہر شادی روکنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔ اجلاس سے معروف قانون دان عبدالولی ایڈوکیٹ ،ناظم سجاد جغور ، قاضی فضل معبود تحصیل ممبر، شبیر احمد نائب صدر دعوت عزیمت ،بزرگ الدین انسپکٹر چترال پولیس، قاری جمال عبدالناصر ، قسوراللہ قریشی ممبر تحصیل کونسل ، فر یدہ سلطانہ ،مسلمہ بی بی ،آسیہ انصار ، الماس بی بی ، منصورہ بی بی اور رحیلہ کنول ایڈوکیٹ نے خطاب کیا

۔تنظیم اساتذہ پاکستان تحصیل تورکہو کا تعزیتی ریفرنس
چترال(بشیر حسین آزاد)تنظیم اساتذہ پاکستان تحصیل تورکہو کے زیر اہتمام حال ہی میں وفات پانے والے تنظیم اساتذہ وآل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال کے سابق صدر معراج الدین مرحوم کی یاد میں ایک عظیم الشان تعزیتی ریفرنس گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول شاگرام میں منعقد ہوا۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم اساتذہ ضلع چترال کے صدر استاد سلطان محمد نے تنظیم اساتذہ واساتذہ برادری کیلئے مرحوم معراج الدین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال کے صدراستاد ضیاء الدین نے مرحوم کے ساتھ اپنی 26سالہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم معراج الدین اپنے شاگردوں کیلئے ایک مثالی اور مشفق استاد،اپنے ہم پیشہ ساتھیوں کیلئے ایک ہمدرد اور مہربان ساتھی اور معاشرے کا ایک صالح ،بااخلاق اور باکردار فرد تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نے بحیثیت صدر تنظیم اساتذہ کی دعوت کوچترال کے کونے کونے میں پہنچائی اور تنظیم میں بھی ایک مثالی رکن ہونے کا ثبوت دیا۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم اساتذہ شاگرام کے صدر تاج محمد خان،معروف سکالر ڈاکٹر نصرت خالدافریدی،نورالھادی نور،مولانا شیر بہادر ،مولانا مستقیم شاہ،پرنسپل جاوید موسیٰ نے بھی خطاب کیا۔اور تنظیم کے سابق صدر کو انکی ملی،تنظیمی اور تدریسی خدمات پر روشنی ڈالی۔مولانا مستقیم شاہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔تعزیتی ریفرنس میں تحصیل تورکہو اور موڑکہو سے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی۔

تورکہو میں استاذ محمد کفایت اللہ کی ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب
چترال (بشیر حسین آزاد)تنظیم اساتذہ پاکستان تحصیل تورکہو ضلع چترال کے زیر اہتمام استاذ الاساتذہ محمد کفایت اللہ کی ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک عظیم الشان الوداعی تقریب ان کے اعزاز میں بمقام گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول شاگرام منعقد ہوئی۔تنظیم اساتذہ ضلع چترال کے صدر سلطان محمدنے صدارت کی جبکہ معروف معالج اور مذہبی سکالر خالد نصرت مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع چترال کے صدر ہیڈماسٹر ضیاء الدین نے ریٹائرڈ ہونے والے استاد کو ان کی42تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور دوسرے معماران قوم کو ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مثالی معلم ہونے پر زور دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز معالج ڈاکٹر خالد نصرت نے کہا کہ تنظیم اساتذہ پاکستان محبان دین اور محبان وطن کی نظریاتی تنظیم ہے۔تنظیم اساتذہ کے ضلعی صدر سلطان محمد نے تنظیم اساتذۃ کے اغراض ومقاصد کے علاوہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے اساتذہ کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے قرآن وسنت کے حوالے سے اساتذہ کے مقام پر بھی گفتگو کی۔ریٹائرہونے والے معلم استاد محمد کفایت اللہ نے تنظیم اساتذہ کے زیر اہتمام اسی طرح پُروقار تقریب کے انعقاد پر زمہ داران تنظیم وارکان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے تنظیم اساتذہ تورکہو یونٹ شاگرام کے صدر استاد تاج محمد خا،سابق تحصیل صدر نورالھادی نور اور سکول کے پرنسپل جاوید موسی نے بھی خطاب کیا۔ 

 

LEAVE A REPLY